ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اتر کنڑا ایم پی اننت کمار ہیگڑے کی امیدواری پر لگا سوالیہ نشان - بی جے پی کا نیا امیدوار سامنے آنے کا امکان 

اتر کنڑا ایم پی اننت کمار ہیگڑے کی امیدواری پر لگا سوالیہ نشان - بی جے پی کا نیا امیدوار سامنے آنے کا امکان 

Thu, 14 Mar 2024 14:01:29    S.O. News Service

کاروار ، 14 / مارچ (ایس او نیوز) پارلیمانی الیکشن کے لئے بی جے پی کی طرف سے جاری امیدواروں کی فہرست میں ساحلی کرناٹکا کی دکشن کنڑا اور اڈپی کی دو سیٹوں پر موجودہ ارکان پارلیمان کے بجائے دوسرے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ اتر کنڑا سیٹ پر امیدوار کا نام ابھی راز میں رکھا گیا ہے ۔ اس سے موجودہ ایم پی اننت کمار کی ہیگڑے کی امیدواری پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے اور ہیگڑے کی جگہ پارٹی کی طرف سے دوسرے امیدوار کو میدان میں لانے کے امکانات بڑھ گئے ہیں ۔
    
اتر کنڑا کے سیاسی گلیاروں میں وشویشورا ہیگڑے کاگیری اور روپالی نائک سمیت دیگر تین چار افراد کو  بی جے پی کے نئے امیدوار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے ۔ دکشن کنڑا اور منگلورو میں حالیہ اراکین کو امیدواروں کی فہرست سے ہٹانے کے باوجود اتر کنڑا میں ہائی کمان کی خاموشی سے یہ سمجھا جا رہا ہے کہ پچھلے ڈیڑھ دو مہینے سے اننت کمار ہیگڑے اپنے حامیوں کے ساتھ رابطے اور اجلاس میں مصروف ہونے کے ساتھ خود کی امیدواری کے لئے جو ماحول بنا رہے ہیں اس سے ہائی کمان پر دباو بن گیا ہے ۔ چونکہ اتر کنڑا میں بی جے پی کارکنان کے ایک بڑے حلقے کو اننت کمار نے ایک عرصے سے اپنی حمایت میں اکٹھا کر رکھا ہے، اس وجہ سے ہائی کمان اننت کمار ہیگڑے کو براہ راست ناراض کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے ۔ سیاسی جانکار سمجھتے ہیں کہ ہائی کمان نے رکن اسمبلی اننت کمار ہیگڑے کو شائد دہلی طلب کرکے سمجھانے بجھانے کے بعد اتر کنڑا سے کسی دوسرے امیدوار کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
    
اننت کمار ہیگڑے کے قریبی حلقوں میں یہ بات بھی گردش کر رہی ہے کہ اگر پارلیمانی الیکشن سے اننت کمار ہیگڑے کو ہٹایا گیا تو دوسرا امکان یہ ہے کہ یلاپور سے بی جے پی ایم ایل اے شیورام ہیبار مستعفی ہو کر کانگریس میں شامل ہونے پر جو سیٹ خالی ہوگی اس پر اننت کمار ہیگڑے کو میدان میں اتارا جائے گا اور کرناٹکا اسمبلی میں اننت کے داخلے کی راہ ہموار کی جائے گی ۔ 
    
دوسری طرف رکن پارلیمان اننت کمار ہیگڑے نے کاروار میں اپنے دورے کے وقت پارٹی کارکنان اور لیڈران سے نشستیں منعقد کیں، جن میں گزشتہ اسمبلی الیکشن میں شکست سے دوچار ہونے والی اور اس مرتبہ اسمبلی الیکشن میں اننت کی جگہ نئے امیدواروں میں سے ایک سمجھی جانے والی روپالی نائک بھی تھیں ۔ مگر اس کے بعد اننت کمار ہیگڑے نے کچھ ایسے کانگریسی لیڈروں سے بھی ملاقات کی جن میں بی جے پی امیدوار روپالی نائک کی شکست کا سبب بننے والے لیڈران بھی شامل ہیں ۔ اس سے مقامی طور پر روپالی نائک سمیت کئی بی جے پی لیڈران کی بھنویں تن گئی ہیں ۔ اننت کمار ہیگڑے نے جن کانگریسی پہچان والے لیڈروں کے گھر جا کر بالمشافہ ملاقاتیں کیں ان میں ماہی گیر لیڈر راجو تانڈیل، ماروتی نائک، اودئے نائک، پرکاش رانے اور گزشتہ مرتبہ جے ڈی ایس کی ٹکٹ پر الیکشن لڑنے والی چئیترا کوٹھارکر کے ساتھ دینے والے اور چند مہینے پہلے شہر میں چاقو زنی کی واردات کے کلیدی ملزم سوریہ کانت کلسا کے علاوہ بی جے پی سے ٹکٹ نہ ملنے پر باغی امیدوار کےطور پر میدان میں اترنے والے گنگا دھر بھٹ کے نام شامل ہیں ۔ 


Share: